ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہائی ویز کے وزیر گڈکری نے کہا : خستہ حالت والی شاہراوں کا ٹول وصول نہیں ہونا چاہیے - کیا اتر کنڑا میں بند ہوگی ٹول وصولی ؟

ہائی ویز کے وزیر گڈکری نے کہا : خستہ حالت والی شاہراوں کا ٹول وصول نہیں ہونا چاہیے - کیا اتر کنڑا میں بند ہوگی ٹول وصولی ؟

Sat, 29 Jun 2024 13:41:30    S.O. News Service

کاروار ، 29/ جون (ایس او نیوز) مرکزی وزیر برائے ہائی ویز نتین گڈکری نے کہا ہے کہ اگر ہائی وے خستہ حالت میں یا پھر معیاری خدمات فراہم نہیں کی جا رہی ہوں تو پھر ہائی وے ایجنسیوں کو ٹول وصول نہیں کرنا چاہیے ۔
    
مرکزی وزیر گڈکری نے مصنوعی سیارے (سیٹلائٹ) پر مبنی گاڑیوں کے ٹول وصولی کے بارے میں بیداری پروگرام  میں خطاب کے دوران کہا کہ ہائی وے کا ٹول اسی وقت وصول کیا جانا چاہیے جب ہائی وے درست حالت میں ہو اور معیاری خدمات فراہم کی جا رہی ہوں ۔ اس کے بجائے سڑک پر گہرے گڈھے ہوں، کچرا اور رکاوٹیں ہوں تو ایسی حالت میں ٹول وصول کیا جاتا ہے عوام اس کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں ۔ گجرات میں ہائی وے ٹول کی مخالفت کرتے ہوئے وہاں کی حکومت نے دوسرا راستہ اختیار کیا ہے ۔
    
ہائی وے وزیر گڈکری کی اس بات کے پس منظر میں جائزہ لیں تو ضلع اتر کنڑا میں نیشنل ہائی وے 66 کی جو درگت بنی ہوئی ہے اسے دیکھتے ہوئے یہاں پر ٹول وصولی ناکہ بند ہونا چاہیے ۔ کیونکہ کاروار کے ماجالی سے بھٹکل تک چار لین توسیعی منصوبے کے تحت کیا گیا غیر سائنٹفک اور غیر معیاری کام عوام کے لئے وبال بن گیا ہے ۔ انکولہ سے کاروار تک سڑک پوری طرح ٹوٹی پھوٹی حالت میں پڑی ہے ۔ ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے ادھورے تعمیراتی کام کی وجہ سے سڑک پر چٹانوں کے ٹکڑے، پتھر، مٹی اور دیگر چیزوں کا ڈھیر ہر جگہ نظر آتا ہے ۔ بارش کے دنوں میں نیشنل ہائی وے کے اطراف میں بسنے والوں کا جینا حرام ہو جاتا ہے ۔ اس کے خلاف عوام کی طرف سے بار بار احتجاج ہوتا ہے اور ٹول وصولی بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا جاتا ہے ۔ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا، انکولہ - کاروار کے ایم ایل اے ستیش سائل، ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سبھی نے نیشنل ہائی وے کے نامکمل کام، سڑک کی خستہ حالت اور ٹول وصولی کے خلاف کئی مرتبہ آواز اٹھائی ہے مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا ۔ نہ روڈ کا کام پورا ہوتا ہے تو مرمت ہوتی ہے ۔ بس ٹول وصولی کا سلسلہ بے روک ٹوک جاری رہتا ہے ۔
    
وزیر برائے ہائی وے نتین گڈکری نے اپنے خطاب کے دوران ایک اور سنگین بات یہ کہی ہے کہ ٹول وصولی کرنے والی ایجنسیوں کی لگام بعض سیاستدانوں کے ہاتھ میں ہوتی ہے ۔ یہ ایک بہت بڑا جال ہے ۔  
    
اب جبکہ خود ہائی وے کے وزیر نے کہا ہے کہ ایسی خراب حالت والے ہائی ویز پر ٹول وصول نہیں کیا جانا چاہیے تو ظاہر بات ہے کہ اتر کنڑا کے ہٹی کیری میں موجود ٹول پلازہ کو بند کرنے کی جو آواز اٹھائی جا رہی تھی اسے تقویت ملنی چاہیے اور یہاں ٹول وصولی بند ہونی چاہیے ۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ سیاسی اور عوامی سطح پر اس مسئلے کے یکسوئی کے لئے متحدہ اور منظم کوشش نہیں ہو رہی ہے ۔ اور ٹھیکیدار کمپنی اس کا بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ 
    
دوسری طرف نومنتخب کینرا ایم پی وشویشورا ہیگڑے کاگیری جب اس موضوع پر بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ پہلے مجھے ہائی وے سسٹم کے بارے میں  وزیر نتین گڈکری کی بات سننے اور سمجھنے دیجئے ۔ ہمارے ضلع کے ہائی وے کی کیا حالت کتنی خراب اور خستہ ہے وہ ہر کسی کو معلوم ہے ۔ پارلیمنٹ کا سیشن چل رہا ہے ۔ وہیں پر میں یہ بات وزیر نقل و حمل کے علم میں لاوں گا ۔ 


Share: